آگرہ ،21؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اگلے سال ہونے والے اترپردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے سیاسی پارٹیاں اپنا دم خم دکھانے میں مصروف ہو گئی ہیں۔آج آگرہ میں بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اس ریلی میں اپنی طاقت دکھائی۔ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ مایاوتی کو سننے پہنچے تھے ۔اپنی تقریر میں مایاوتی نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریزرویشن ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے اور ان کے حکومت میں دلتوں اور مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ساتھ ہی مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دو سال ہو گئے لیکن اب تک مہنگائی پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔اعلی ذات کے ریزرویشن کے معاملے پر مایاوتی نے کانگریس پر بھی نشانہ سادھا اور کہا کہ کانگریس کا اعلی ذات کو 10فیصد ریزرویشن کا دعوی بھی کھوکھلا ثابت ہوا ہے۔ان کے علاوہ صوبے کی ایس پی حکومت پر بھی مایاوتی نے حملہ بولا اور کہا کہ ریاست کا لاء اینڈ آرڈر بری طرح درہم برہم ہو گیا ہے۔